نئی دہلی،18؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ڈیٹا لیک معاملہ میں سوشل میڈیا کمپنی فیس بک اور کیمبرج اینالیٹیکاکی جانب سے داخل کئے گئے جواب کی حکومت ’انکوائری‘کر رہی ہے اور اس معاملے پر قریب سے نظر رکھے ہوئی ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ایک سینئر حکام اس کی اطلاع دی۔صارفین کی ذاتی معلومات غلط طریقے سے کسی دوسری کمپنی کو اشتراک کرنے کے معاملہ میں فیس بک اور اس کے سی ای او مارک زکربرگ کو صارفین اور دنیا بھر کی مختلف حکومتوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت ہند نے کیمبرج اینالیٹیکا اور فیس بک سے ڈیٹا لیک معاملے کے تحت جواب طلب کیا تھا۔ اس کے بعد فیس بک نے تسلیم کیا کہ بھارت میں تقریبا 5.62 لاکھ لوگ ممکنہ طور پر اس واقعہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکام نے کہا کہ عالمی واقعات کے تناظر میں بھیجے گئے جوابوں کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ سیاسی مشیر اور ڈیٹا تجزیہ کا کام کرنے والی کیمبرج اینالٹیکا پر الزام ہے کہ اس نے 8 کروڑ سے زیادہ فیس بک کے صارفین کی ذاتی معلومات ان کی اطلاع و اجازت کے بغیر غلط طریقے سے حاصل کر لیا ہے ۔